فیصل آباد پریس کلب کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ایک شاندار محفل میلاد النبی ﷺ اور ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد پریس کلب ہال میں کیا گیا۔ اس روحانی محفل میں ملک کے نامور نعت خواں حضرات نے اپنی خوبصورت آوازوں میں بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور سامعین کے دلوں کو منور کیا۔اس تقریب میں پریس کلب کے گروپ لیڈر شاہد علی، صدر پریس کلب، عبد الرحمن سیکرٹری میاں کاشف فرید، نائب صدر شوکت علی وٹو، جوانٹ سیکٹر یز محمد طاہر، میاں صغیر سانول فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق انفارمیشن سیکر ٹری افشاں بتول،میاں بشیر اعجاز،ایگز یکٹو ممبران،رانا حنا جمیل،جاوید مہیس،ندیم جاودانی،قمر عباس،اعظم نیازی، توفیق یوسف،آصف سخی،سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محفل میلاد النبی ﷺ کی خوبصورتی کو مزید بڑھایا۔ معروف نعت خواں ملک شوکت، عامر علی امیری، حاجی اکرام، اور نعیم الحسن نوشاہی سمیت دیگر نعت خواں حضرات نے اپنی منفرد انداز میں نعت خوانی کرتے ہوئے سامعین کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺ سے بھر دیا۔ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد عرفان عطاری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان ہمارے دین کی بنیاد ہے، اور یہ عقیدہ ہر مسلمان کے ایمان کا جزو لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں اور ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا، اسی عقیدے کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔مفتی ڈاکٹر محمد سلیم مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیاں امت مسلمہ کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ختم نبوت پر ایمان امت کا اجماعی عقیدہ ہے، جسے کسی بھی صورت میں متزلزل نہیں ہونے دیا جا سکتا۔مفتی عابد نعمان شامی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس امر کی جانب اشارہ کیا کہ ہمیں اپنے ایمان کی حفاظت کے لیے ہمیشہ مستعد رہنا چاہیے اور نوجوان نسل کو اس عقیدے کی اہمیت سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض بھی انہوں نے بحسن و خوبی انجام دیے۔تقریب کے اختتام پر صحافی برادری نے پریس کلب انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل کے انعقاد سے عوام کے دلوں میں عشق رسول ﷺ کی محبت کو فروغ ملتا ہے اور عقیدہ ختم نبوت پر امت کا اتحاد مزید مضبوط ہوتا ہے۔
