حکومت پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے کوشاں

حکومت پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے کوشاں

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر ڈاکٹر محمد رفیق شاہ)حکومت پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی این جی اوز کی بھرپور سرپرستی کرینگے جو سماجی ترقی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ بات ضلعی بیت المال کمیٹی کے چیئرمین قیصر شمس گچھا نے سپیشل بچوں کی فلاح وبہبود میں سرگرم عمل مقامی این جی او” تنظیم اللسان” کے دورے کے دوران دستیاب سروسز کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ وائس چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی چوہدری سرفراز احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، جنرل سیکرٹری سبحان علی اور وائس پرنسپل شائستہ ارشاد نے ان کا خیرمقدم کیا اور خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے فراہم کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی نے سپیشل بچوں کی مختلف کلاسز میں جا کر ان کی تدریسی و تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ اس کارخیر کے ذریعے حکومت اور والدین کا بوجھ بانٹا جا رہا ہے جو کہ معاشرے کی بہت بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود، بحالی اور تعلیم و تربیت کے لئے تنظیم اللسان کی فلاحی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ذہنی و جسمانی معذور، متاثرہ سماعت اور آئٹرم بچوں کی بحالی کے طریقہ کار اور تعلیم وتربیت کی مثالی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کیلئے معاشرے کے وسائل یافتہ طبقات کو آگے بڑھ کر معاونت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ضلعی بیت المال کی طر ف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ مختلف معذوروں میں مبتلا بچوں کو پلے گروپ سے لیکر ماسٹر ڈگری تک کی تعلیم اور مختلف فنون میں تربیت فراہم کی جارہی ہے جبکہ کونسلنگ کے ذریعے والدین کو خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کی مہارتوں سے آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے تنظیم اللسان کا دورہ کرنے پر ضلعی بیت المال کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔

Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے