فیصل آباد:گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے ہاسٹل کی عمارت تعمیر و تزئین کے بعد طالبات کے لیے کھول دی گئی۔ یونیورسٹی کے ہاسٹل کا افتتاح وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ ہاسٹل میں 700 طالبات کی رہائش کی گنجائش ہ
ے۔ دور دراز علاقوں سے آنے والی طالبات کو ہاسٹل کی سہولت ترجیحی بنیادوں پر دی جاتی ہے ۔ طالبات کے لیے ادارے کی چار دیواری میں چوبیس گھنٹے سیکورٹی کے ساتھ ہاسٹل کی فراہمی ایک بہترین سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہاسٹل کی تعمیر سے تعلیمی ماحول میں بہتری آئے گی اور طالبات کو محفوظ اور آرام دہ رہائش کی سہولیات میسر ہوں گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے طالبات و ادارے کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔ ہاسٹل کے ساتھ ساتھ شعبہ کیمسٹری میں مائیکو ٹاکسن لیب کا افتتاح بھی کیا گیا ۔مائیکو ٹاکسن لیب میں خوراک اور دیگر اجزاء خردو نوش پر فنجائی اور اس کے زہر یلے اثرات سے بچاؤ اور تدارک کے حوالے سے تحقیق کی جائے گی۔وائس چانسلر نے شعبہ انجینئرنگ سیل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کو بروقت مکمل کیا۔تقریب میں وائس چانسلر کے ہمراہ کوآرڈینیٹر، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز اور چیئرمین ہال کونسل بھی موجود تھے۔