ماموں کانجن (نمائندہ خصوصی) – شہر کے معروف تعلیمی ادارے، سٹی گرامر سکول ماموں کانجن کے زیرِ اہتمام ہونے والے سالانہ ماموں کانجن جینئس کونٹیسٹ کی تاریخ میں حالیہ اسموگ کی صورتحال کے باعث توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ مقابلہ، جو پہلے 9 نومبر 2024 کو منعقد ہونا تھا، اب بروز ہفتہ 23 نومبر 2024 کو سٹی گرامر سکول گرلز کیمپس، البرکت ٹاؤن میں منعقد ہوگا۔
یہ مقابلہ خصوصی طور پر کلاس آٹھویں کے طلباء کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، اور اس میں ماموں کانجن بھر کے تمام طلباء حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ جینئس کونٹیسٹ طلباء کی علمی اور تخلیقی قابلیت کو ابھارنے اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اس سال کونٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کے لیے تعلیمی اسکالرشپس بھی رکھی گئی ہیں، جن میں پہلا انعام ایک لاکھ روپے، دوسرا انعام ساٹھ ہزار روپے، اور تیسرا انعام چالیس ہزار روپے شامل ہے۔
سٹی گرامر سکول ماموں کانجن بوائز کیمپس کے پرنسپل سر محمّد رمضان نے کہا کہ یہ مقابلہ شہر کی نئی نسل کی علمی ترقی اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔ طلباء کی دلچسپی کے پیش نظر، رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر کے 20 نومبر 2024 کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء اس میں حصہ لے سکیں۔
مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے سٹی گرامر سکول ماموں کانجن کی انتظامیہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
