’مینٹل ہیلتھ پر کبھی بات ہی نہیں ہوتی ہے، خاص طور پر مردوں میں۔‘
یہ کہنا ہے ڈرامہ سیریل ’جفا‘ میں حسن کا کردار نبھانے والےاداکار محب مرزا کا۔ اس ڈرامہ میں وہ ایک ایسے شخص کی عکاسی کررہے ہیں جو اکثر اپنے غصہ پر قابو نہیں رکھ پاتا اور پُرتشدد ہوجاتا ہے۔
اداکارہ ماورا حُسین نے ڈرامہ سیریل ’جفا‘ میں حسن کی بیوی ڈاکٹر زارا کا کردار نبھایا ہے جبکہ دیگر کرداروں میں سحر خان، عثمان مختار، نادیہ افگن، ضرار خان، نعمان مسعود، فرح سعدیہ، انعم گوہر اور شامل خان وغیرہ شامل ہیں۔ ڈرامہ سیریل ’جفا‘ کی کہانی سمیرا فضل نے لکھی ہے جبکہ دانش نواز نے اس کی ہدایت کاری کی ہے۔
’جفا‘ میں حسن جن رویوں کی عکاسی کررہے ہیں اُنھیں عرف عام میں ’ریڈ فلیگز‘ کے طور پر جانچا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حسن اور ڈاکٹر زارا کی کہانی مداحوں میں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔