بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی سیریز فتح ہے۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں پاکستان نے دوسری اننگز میں بنگہ دیش کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی اور دونوں اننگز میں کوئی بھی کھلاڑی اپنے مجموعی سکور کو تین ہندسوں میں داخل نہیں کر سکا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب اور سلمان آغا سلمان کی نصف سینچریوں کی مدد سے 274 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں شدید مشکلات کا شکار رہی اور ایک وقت پر صرف 26 رنز پر اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے لیکن لٹن داس اور مہدی حسن معراج نے ٹیم کو سہارا دیا اور کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھا۔
لٹن ڈاس نے 138 جبکہ مہدی حسن معراج نے 78 رنز کی اننگز کھیل کر بنگلہ دیش کو 262 رنز کے مجموعی سکور پر پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 90 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کو بنگلہ دیش پر 10 رنز کی لیڈ حاصل تھی لیکن میزبان ٹیم اس لیڈ کا فائدہ اُٹھانے میں ناکام رہی اور بنگلہ دیشی فاسٹ بولرز ناہید رانا اور حسن محمود نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
پوری پاکستان ٹیم صرف 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود نے پانچ جبکہ ناہید رانا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔